بلاول بھٹو کی مذمت: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بزدلانہ حملے کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا

بلاول بھٹو کی مذمت: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بزدلانہ حملے کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا

اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں اور مساجد پر بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بھارتی حملوں کے بعد اپنی فوری ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی سرزمین اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بزدلانہ حملہ کیا۔ شہری آبادی، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا جنگی جارحیت ہے۔ یہ طاقت نہیں، بلکہ کھلی درندگی ہے۔بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کو پوری قوم کی حمایت سے کچل دیا جائے گا۔ "ہم اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان متحد، سر بلند اور مکمل طور پر تیار ہے"، ان کا کہنا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلح افواج دشمن کے حملے کا بھرپور جواب دے رہی ہیں، اور پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

بھارتی حملے کی تفصیلات
واضح رہے کہ بھارت نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان کے خلاف جارحانہ کارروائی کرتے ہوئے پانچ مقامات پر میزائل داغے، جن میں سویلین آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حملوں میں دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔جوابی کارروائی میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور لائن آف کنٹرول پر کئی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔ پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔