پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے واسا، پی ڈی ایم اے، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس سمیت تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور بارش کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں۔

نکاسی آب اور فیلڈ مانیٹرنگ کا حکم
مریم نواز نے واسا اور انتظامیہ کے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ خود فیلڈ میں نکلیں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے اقدامات کی نگرانی کریں۔انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل مسلسل مانیٹر کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

ٹریفک مینجمنٹ اور متبادل راستوں کی اطلاع
وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو واضح ہدایت دی ہے کہ بارش کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک سے متعلق پریشانی نہ ہو، اس کے لیے ٹریفک پلان جاری کیا جائے اور عوام کو بروقت متبادل راستوں سے آگاہ کیا جائے۔

باہمی رابطے پر زور
مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور بروقت رسپانس کے ساتھ کام کریں تاکہ بارشوں سے پیدا ہونے والی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کی شکایات کو فوری طور پر سنا جائے اور ریلیف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔