اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور جاری مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے جبکہ امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے باہمی روابط مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے پیشگی اقدامات کے باعث متعلقہ ادارے مون سون سیزن کی صورتحال کی مؤثر نگرانی کر رہے ہیں۔بریفنگ میں وزیراعظم کو مون سون کے متوقع رجحان اور صوبوں و متعلقہ اداروں کے درمیان جاری تعاون سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں ریسکیو اور ریلیف ادارے تیار ہیں۔