وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق، ممکنہ موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ قرار دیا گیا ہے تاکہ بارشوں اور سیلاب کی صورت میں فوری اور موثر ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس سلسلے میں پنجاب ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور ریسکیو اداروں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں کا جائزہ لیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو کی موجودہ تیاریوں اور حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر، ہنگامی تیاریوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے طریقہ کار اور رسپانس کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے جدید ریسکیو آلات، واٹر ریسکیو گاڑیاں، بوٹس، لائف جیکٹس اور ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی کا بھی معائنہ کیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری رسپانس فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں، پی ڈی ایم اے اور ایمرجنسی سروسز کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کے تحت ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ کنٹرول روم کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
سیف انور جپہ کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے جہاں دریاؤں اور ڈیموں کی سطح پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام متعلقہ ادارے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کو کم سے کم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی تیاری سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ممکنہ مشکل سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ضروری ہے۔