کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں 23 سالہ بھارتی خاتون دمن پریت کور کو مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے اس کے 22 سالہ ساتھی رتیش کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈمنٹن پولیس نے ملزم کے خلاف سیکنڈ ڈگری قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق 9 جولائی کی شام سلور بیری کے علاقے میں واقع ایک گھر سے زخمی اور بے ہوش خاتون کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ایک مرد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔دمن پریت کور، جو بھارتی ریاست پنجاب کے شہر سمرالہ کی رہائشی تھیں، 12 جولائی کو دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔ بعد ازاں 14 جولائی کو طبی معائنے کے بعد ان کی موت کو قتل قرار دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دمن پریت کور کی موت گلا گھونٹنے کے باعث ہوئی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔