شوہر اور سسرالیوں کا بیوی کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کا الزام

شوہر اور سسرالیوں کا بیوی کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کا الزام

چشتیاں میں 19 سالہ مہناز بی بی کو مبینہ تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او بہاول نگر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔سسرال کی جانب سے واقعے کو طبعی موت ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، مگر جسم پر تشدد کے نشانات اور گردن پر پھندہ لگنے کے آثار سامنے آئے۔پولیس نے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا ہے، جس میں شوہر، سسر اور دیور سمیت مرکزی ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، اور تینوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور قتل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، اور مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں تشدد اور قتل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے حساس مقدمات میں شفاف تفتیش یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو قانونی مدد فراہم کرنے اور خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا، اور کہا کہ خواتین کا تحفظ ریاست اور اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہم ہر بیٹی کو انصاف اور حفاظت فراہم کریں گے۔