بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکاپٹنم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے شدید غصے میں آ کر اپنی 9 ماہ کی حاملہ بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
مقتولہ انوشا کی اگلے ہی دن ڈیلیوری طے تھی اور اسی سلسلے میں وہ اسپتال کا دورہ بھی کر چکی تھیں۔بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق 27 سالہ انوشا کی دو سال قبل 28 سالہ جنانشور سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ تھے، اور آئے دن جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ پولیس کے مطابق حالیہ جھگڑے میں جنانشور نے اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر اسے قتل کر دیا۔قتل کے بعد جنانشور نے اپنی صفائی میں دوستوں اور خاندان والوں کو بتایا کہ انوشا چکرا کر گر گئی تھی اور اسپتال لے جاتے ہوئے اس کی موت واقع ہوئی، لیکن انوشا کے اہلِ خانہ کو اس بیان پر شک ہوا اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔تحقیقات کے دوران پولیس نے جنانشور سے سختی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔
اس کا کہنا تھا کہ انوشا اسے ہراساں کرتی تھی اور اسے شک تھا کہ اس کے کسی اور سے تعلقات ہیں، اسی شک اور غصے میں اس نے یہ قدم اٹھایا۔پی ایم پالم پولیس نے ملزم جنانشور کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق انوشا 9 ماہ کی حاملہ تھی اور پیر کے روز اس کی ڈیلیوری متوقع تھی۔ اسی دن صبح کے وقت دونوں میاں بیوی اسپتال بھی گئے تھے جہاں ڈاکٹروں نے انوشا کو فوری داخلے کا مشورہ دیا تھا، مگر شام ہوتے ہی یہ سانحہ پیش آ گیا۔اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو افسردہ کر دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔