اتر پردیش، بھارت: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مین پوری میں ایک 52 سالہ خاتون کو اس کے 26 سالہ دوست نے دوپٹے سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔
واقعہ شادی کے دباؤ اور قرض واپس مانگنے کے تنازعے پر پیش آیا۔پولیس کے مطابق 11 اگست کو مین پوری کے کرپاری گاؤں کے قریب خاتون کی لاش ملی، جس کی گردن پر موجود نشانات سے قتل کا پتا چلا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بھی قتل کی تصدیق کی۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے معلوم کیا کہ مقتولہ فرخ آباد کی رہائشی تھی۔ملزم ارون راجپوت کو گرفتار کر لیا گیا اور تفتیش کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ اس کا خاتون سے رابطہ انسٹاگرام پر ہوا تھا اور دونوں کی دوستی ڈیڑھ سال پر محیط تھی۔ ملزم نے بتایا کہ دو مہینے قبل دونوں فون پر باقاعدگی سے بات کرنے لگے اور کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ 11 اگست کو خاتون نے اس پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا اور 1.5 لاکھ روپے قرض بھی واپس مانگا، جس پر ملزم نے غصے میں آ کر قتل کر دیا۔ملزم نے مزید کہا کہ خاتون انسٹاگرام فلٹرز استعمال کر کے کم عمر نظر آتی تھی، جبکہ وہ شادی شدہ تھی اور اس کے بچے بھی تھے۔ ان وجوہات کی بنا پر ملزم نے شادی سے انکار کیا، تاہم خاتون مسلسل دباؤ ڈالتی رہی، جس کے نتیجے میں یہ خونی واقعہ پیش آیا۔