لکھنؤ: بہو اور اس کے مبینہ عاشق نے ساس کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا

لکھنؤ: بہو اور اس کے مبینہ عاشق نے ساس کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا

بھارتی شہر لکھنؤ میں 69 سالہ نرمالا دیوی کے قتل کا الزام ان کے بیٹے تری دیش نے اپنی بیوی رنجنا اور اس کے مبینہ عاشق راجن پر عائد کیا ہے۔
مقتولہ اپنے بیٹے، بہو اور تین پوتوں کے ساتھ دو منزلہ مکان کے گراؤنڈ فلور پر رہتی تھیں، جبکہ اوپری منزل کرایہ پر دی گئی تھی۔گزشتہ ہفتے کی دوپہر، تری دیش کے 14 سالہ بیٹے آدتیہ نے دادی کو ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے پایا، بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔پولیس کے مطابق خاتون کے گلے پر تشدد کے نشانات موجود تھے، اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔مقتولہ کے بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی رنجنا کا کرایہ دار راجن کے ساتھ ناجائز تعلق تھا، جس پر مقتولہ اعتراض کرتی تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے سے چند روز قبل ساس اور بہو کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔قتل کے بعد زیورات چوری کیے گئے اور گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے کچھ وقت کے لیے بند کر دیے گئے۔پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا، اور دورانِ تفتیش راجن نے اعترافِ جرم کیا، البتہ میڈیا کے سامنے خود کو بے گناہ قرار دیا۔