حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے عرس مبارک کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے تاکہ زائرین کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ممبران امن کمیٹی اور زونل ایڈمنسٹریشن داتا دربار کے نمائندگان سے ملاقات کی، جس میں داتا دربار کی سکیورٹی، زائرین کے داخلہ و اخراج کے انتظامات اور دودھ سبیل پوائنٹس پر سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مولانا راغب حسین نعیمی، مفتی انتخاب احمد نوری، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی محمد عمران حنفی، سردار محمد طاہر ڈوگر، مولانا طاہر شہزاد سیالوی، مارکیٹ عہدیداران، زونل ایڈمنسٹریٹر اور مینیجر اوقاف سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ عرس مبارک کے دوران داتا دربار آنے والے تمام زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دربار کے جاری توسیعی کاموں کے پیشِ نظر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی تاکہ سکیورٹی میں کسی قسم کی کمی نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ داتا دربار میں داخل ہونے والے ہر زائر کی مکمل تلاشی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دودھ سبیلوں اور دیگر اہم مقامات پر بھی مؤثر سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر مارکیٹ عہدیداران، زونل ایڈمنسٹریشن اور محکمہ اوقاف کے نمائندوں نے لاہور پولیس کو سکیورٹی اور انتظامی امور میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔