لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کے سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے تاکہ زائرین کی آمدورفت کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی سے داتا دربار انتظامیہ نے ملاقات کی، جس میں زائرین کی آمدورفت، دودھ کی سبیلوں کے انتظامات اور ٹریفک سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز اور 900 ٹریفک وارڈنز عرس کے دوران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔زائرین کی سہولت کے لیے 5 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دودھ کی سبیلوں کے لیے آنے والی گاڑیاں، ریڑھیاں اور رکشے آزادی فلائی اوور اور پیر مکی کے راستے اپنی مقررہ جگہوں تک پہنچیں گے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ سکیورٹی کے پیش نظر بعض مخصوص سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رکھی جائیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی معلومات یا رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ عرس کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔