حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتامی مرحلے میں داخل

حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتامی مرحلے میں داخل

حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات آج اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔

 ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند داتا دربار پہنچ کر حاضری دے رہے ہیں اور عبادات، دعاؤں اور روحانی محافل میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔عرس کے آخری روز دربار پر خصوصی دعا، قرآن خوانی، محافلِ نعت، ذکر و اذکار اور دیگر روحانی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر دربار انتظامیہ نے لنگر، دودھ کی سبیل، ٹھنڈے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپس، ریسکیو سروسز اور رہنمائی مراکز بھی فعال ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات ہیں، جبکہ داتا دربار اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت متعدد شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورژن کیے گئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔عرس کی تقریبات کے باعث لاہور میں آج مقامی تعطیل بھی ہے، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک اور سکیورٹی سے متعلق جاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ تقریبات پُرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہو سکیں۔