حضرت داتا گنج بخشؒ کا 982واں عرس اختتام پذیر، اختتامی دعا میں اہم شخصیات کی شرکت

حضرت داتا گنج بخشؒ کا 982واں عرس اختتام پذیر، اختتامی دعا میں اہم شخصیات کی شرکت

ویب ڈیسک: برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت علی بن عثمان الہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش کے 982 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔

 اختتامی دعا میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے حضرت داتا گنج بخشؒ کی دینی و روحانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگانِ دین نے ہمیشہ امن، رواداری اور محبت کا درس دیا ہے جو آج کے دور میں بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

محسن نقوی نے ملکی ترقی و خوشحالی، خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔عرس کی تقریبات کے دوران ہزاروں زائرین نے داتا دربار پر حاضری دی، محافلِ نعت و سماع کا انعقاد ہوا جبکہ عقیدت مندوں نے لنگر و نیاز میں بھی بھرپور شرکت کی۔ لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت یہ تقریبات پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں۔