پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیے جانے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے 25 جولائی کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے 16 پیسے اضافہ کیا گیا۔حکومت نے 18 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔ بعد ازاں 21 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا، تاہم اسی روز ڈیزل کی قیمت میں مزید 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔اسی طرح 22 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں مزید 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔مسلسل اضافے کے باعث ایک ہفتے کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد ٹرانسپورٹ، اشیائے ضروریہ اور دیگر شعبوں میں مہنگائی کے مزید بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔