آئی جی پنجاب نے ارفع کریم ٹاور حملے کے شہداء کی نویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے لاہور کے ارفع کریم ٹاور پر خودکش حملے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہداء کی نویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کے اہلخانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 24 جولائی 2017ء کو ارفع کریم ٹاور پر ہونے والے خودکش حملے میں پنجاب پولیس کے 8 افسران و اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں ایک سب انسپکٹر، ایک اے ایس آئی اور چھ کانسٹیبلز شامل تھے۔ شہداء میں سب انسپکٹر ریاض احمد، اے ایس آئی فیاض احمد، کانسٹیبل سجاد علی، عابد علی، علی رضا، غلام مرتضیٰ، عمیر غنی اور معظم علی شامل ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔