اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے سانحہ 12 مئی کی 19ویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 مئی کراچی کی تاریخ کے تاریک ترین اور المناک ابواب میں سے ایک ہے اور یہ سانحہ آج بھی قومی ضمیر پر ایک گہرا زخم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن پرامن سیاسی کارکنوں، وکلاء، صحافیوں اور شہریوں پر ظلم ڈھایا گیا جن کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ انصاف، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑے تھے۔سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں گیا بلکہ ظلم، جبر اور لاقانونیت کے خلاف مزاحمت کی دائمی علامت بن گیا۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی تھیں جہاں اختلافِ رائے کا جواب گولیوں اور خونریزی سے نہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمہوریت، آئین، انسانی حقوق اور پُرامن سیاسی جدوجہد کے لیے مسلسل آواز بلند کر رہے ہیں جبکہ نئی نسل کو جمہوریت کی بحالی کے لیے دی گئی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 مئی وہ دن تھا جب کراچی کے عوام نے جمہوریت اور انصاف کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ عوامی مزاحمت کی ایسی داستان ہے جو آج بھی زندہ ہے۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس دن جمہوریت پر حملہ کیا گیا اور عوام کے بہنے والے خون نے یہ ثابت کیا کہ کچھ قوتیں عوامی آواز سے خوفزدہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے ظلم اور طاقت کا غلط استعمال جمہوریت کو دبا نہیں سکتا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور فلاح کے لیے آواز بلند کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے بھی 12 مئی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن کراچی کی تاریخ میں جمہوریت کے نام پر قربانی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام نے انصاف کی آواز بلند کی تو ظلم نے بندوق سے جواب دیا، مگر جمہوریت کی آواز کو دبانا ممکن نہ ہو سکا۔ناز بلوچ نے کہا کہ اس سانحے نے دنیا کو دکھا دیا کہ آمریت اور جبر کے سامنے عوام ہمیشہ سر اٹھا کر کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے بغیر ملک مضبوط نہیں ہو سکتا جبکہ شہداء کا لہو آج بھی حق اور جمہوریت کی راہ پر چلنے کا حوصلہ دیتا ہے