لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے لاہور میں 2009ء کے دوران دہشت گردوں کے تین مختلف مقامات پر حملوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 15 پولیس افسران و اہلکاروں کی 17ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزندوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 اکتوبر 2009ء کو دہشت گردوں نے پولیس ٹریننگ سنٹر مناواں، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول اور ایف آئی اے بلڈنگ کو نشانہ بنایا تھا۔ ان حملوں میں پولیس کے 15 افسران و اہلکار شہید ہوئے۔ مناواں میں 11، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں 3 اہلکار جبکہ ایف آئی اے بلڈنگ پر حملے میں ایک پولیس افسر نے جامِ شہادت نوش کیا۔شہداء میں 3 انسپکٹرز، 2 سب انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی، ایک ہیڈ کانسٹیبل، 5 کانسٹیبلز اور 3 ڈرائیور کانسٹیبلز شامل تھے۔ ایف آئی اے بلڈنگ پر خودکش حملے میں انسپکٹر رانا فاروق شہید ہوئے۔ مناواں حملے میں انسپکٹرز سلامت علی، شیر احمد، سب انسپکٹرز محمد انور، محمد اسلم، ہیڈ کانسٹیبل محمد طاہر، کانسٹیبلز محمد شکیل، محمد آصف، زاہد علی اور ڈرائیور کانسٹیبلز ظہیر احمد، سیف اللہ اور نصر اللہ شہید ہوئے۔ پولیس ٹریننگ کالج میں مقابلے کے دوران اے ایس آئی غلام جعفر اور کانسٹیبلز عرفان بخاری اور ساجد حسین شاہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔