پاکستان ریلوے یومِ معرکہ حق پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرے گا

وزیر ریلوے کی قیادت میں ملک بھر میں خصوصی تقریبات، گرین لائن ٹرین پر معرکہ حق برانڈنگ
کستان ریلوے اس سال یومِ معرکہ حق کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائے گا، محمد حنیف عباسی
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان ریلوے 10 مئی یومِ معرکہ حق کے موقع پر ملک بھر میں شاندار تقریبات منعقد کرے گا تاکہ وطن کے بہادر شہداء اور افواج پاکستان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا کہ تقریبات میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مدبرانہ قیادت اور جرات مندانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ یومِ معرکہ حق پر شہداء کی قربانیوں، بہادر فوجیوں کی جرات اور اہل خانہ کے صبر و حوصلے کو بھرپور انداز میں سراہا جائے گا، تاکہ قوم کے ہر فرد میں فخر اور جذبہ حب الوطنی اجاگر ہو۔پاکستان ریلوے کے سات ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں سہ پہر 3 بجے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی مرکزی خطاب کریں گے، جبکہ گرین لائن ٹرین کو معرکہ حق برانڈنگ کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔ مزید برآں، 40 بڑے اسٹیشنز پر بھی یومِ معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی برانڈنگ کی جائے گی۔پشاور اور لاہور میں بھی چیئرمین اور سی ای او ریلوے کی زیر نگرانی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ ہر ڈویڑن میں ڈویڑنل سربراہان کی نگرانی میں یادگار تقریبات منعقد ہوں گی۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے اس سال یومِ معرکہ حق کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائے گا تاکہ قوم کو اپنی افواج کی قربانیوں اور حب الوطنی کے جذبے کی یاد دلاتا رہے۔