ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا شہداء کی ما ئوں کو خراجِ عقیدت

لاہور(کرائم رپورٹر) محمد وقاص نذیر نے ما ئوں کے عالمی دن کے موقع پر شہداء کی عظیم ما ئوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن پر قربان ہونے والے بہادر سپوتوں کی مائیں پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی ما ئوں کی قربانیاں لازوال ہیں اور انہی عظیم قربانیوں کی بدولت ملک پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔محمد وقاص نذیر نے کہا کہ شہداء کی مائیں عزت، حوصلے اور ایثار کی علامت ہیں، قوم ان کے صبر اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے اور مائیں نئی نسل کو قوانین کی پاسداری، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا شعور دیں تاکہ ایک محفوظ اور مہذب معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ محفوظ اور مضبوط معاشروں کی تعمیر میں ما ئوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ما ئوں کی بہترین تربیت ہی ذمہ دار شہری پیدا کرتی ہے جو قانون کی پاسداری کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں۔انہوں نے ما ئوں کے عالمی دن پر تمام ما ئوں کو پنجاب ٹریفک پولیس کی جانب سے سلام پیش کیا اور کہا کہ ماں کی محبت، قربانی اور تربیت معاشرے کی اصل طاقت ہے۔