فیلڈ مارشل عاصم منیر کا چین کا سرکاری دورہ: سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں، سی پیک، دفاعی تعاون اور خطے کے امن پر گفتگو

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا چین کا سرکاری دورہ: سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں، سی پیک، دفاعی تعاون اور خطے کے امن پر گفتگو

ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حال ہی میں چین کا سرکاری دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقاتیں چین کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ہوئیں۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔آرمی چیف نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سیاسی حالات، سی پیک کے تحت جاری منصوبے، اور مشترکہ جیو اسٹریٹیجک چیلنجز زیر بحث آئے۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، خودمختاری، طویل المدتی استحکام اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چینی قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کو جنوبی ایشیا میں امن کی علامت قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو ژیا، پی ایل اے آرمی کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جون سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہیں پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ان عسکری ملاقاتوں میں:

دفاعی تعاون
انسداد دہشت گردی
مشترکہ تربیت
عسکری جدیدیت
ادارہ جاتی روابط
جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک نے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی تعاون اور اسٹریٹیجک ہم آہنگی پر زور دیا۔چینی عسکری قیادت نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی امن میں کردار کو کلیدی اور قابل اعتماد قرار دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور تمام شعبوں میں فوجی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔