اسلام آباد: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے روابط بڑھانے اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان باہمی روابط کے فروغ اور تعمیری سفارتی و ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔