چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات، امن و استحکام اور مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں۔ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو حتمی شکل دینے میں مدد فراہم کی جا سکے۔ایرانی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کے استقبال کے بعد ایرانی وزارت خارجہ میں عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے میں قیام امن، استحکام اور سکیورٹی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی ایران میں موجود ہیں اور انہوں نے وہاں مختلف اہم ایرانی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں امریکہ کے ساتھ جاری کشیدگی میں کمی اور قریبی تعاون کے اقدامات پر تبادلہ خیال شامل تھا۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری رکھیں گے اور پاکستان کی ثالثی کے کردار کو مضبوط بنانے، مذاکرات کی حتمی شکل دینے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔