تعلیمی اداروں، پارسل، ٹول پلازہ اور خواتین سمیت سات ملزمان گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق 7 مختلف کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 92.450 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 2 خواتین سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ جھنگ روڈ فیصل آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 8.8 کلو آئس برآمد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ کراچی میں کوریئر آفس سے کوئٹہ سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں قالین میں جذب 17.750 کلو آئس پکڑی گئی۔ پشاور رنگ روڈ پر کوریئر آفس سے لاہور بھیجے جانے والے پارسل سے 7.2 کلو چرس برآمد ہوئی۔ پشاور کرنل شیر خان ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 16.8 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ اقبال شہید ٹول پلازہ، جی ٹی روڈ، اٹک کے قریب رکشہ سے 5.5 کلو چرس برآمد ہوئی۔ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب 2 خواتین کے قبضے سے 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔ پنجگور کے علاقے بونستان میں چھپائی گئی 36 کلو چرس پکڑی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے