لاہور (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کارروائیوں میں 84 لاکھ روپے مالیت کی 83 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ 6 کارروائیوں میں 4 ملزمان گرفتار ہوئے۔ اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 300 گرام آئس برآمد ہوئی، ملزم طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔ ملتان کے کوریئر آفس سے اسکاٹ لینڈ سے آئے پارسل میں کریم کے ڈبوں میں چھپائی گئی 120 گرام کوکین ملی۔ پشین، اٹک، پشاور اور راولپنڈی میں بھی بڑی مقدار میں چرس و افیون برآمد کی گئی۔ مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت درج کر لیے گئے۔