لاہور، اسلام آباد، پشاور، مانسہرہ، مظفر گڑھ اور لورالائی سے 7ملزم گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 24 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کی 255.200 کلوگرام منشیات ضبط کر لیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان نے بتایا کہ 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر کے انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کارگو شیڈ میں کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل سے 300 گرام افیون برآمد ہوئی، بس ٹرمینل اسلام آباد کے قریب 3 ملزمان کے قبضے سے 2.5 کلو ہیروئن، 2.4 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔ یونیورسٹی روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 56 کلو چرس، ٹول پلازہ روڈ مانسہرہ کے قریب گاڑی سے 18 کلو چرس، گڑھ موڑ روڈ مظفر گڑھ کے قریب ٹرک میں سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 7 کلو پکڑی گئی۔ لورالائی میں ڈی جی خان روڈ کے قریب سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 168 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔