اسرائیل مغربی کنارے اور غزہ کی علاقائی سالمیت کا احترام کرے: کنیڈین وزیرِ اعظم

اسرائیل مغربی کنارے اور غزہ کی علاقائی سالمیت کا احترام کرے: کنیڈین وزیرِ اعظم

کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے اور غزہ کی علاقائی سالمیت کا احترام کرے، اور فلسطینی علاقوں میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارک کارنی نے واضح کیا کہ ان کی حکومت دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور اسی مقصد کے لیے کینیڈا بین الاقوامی فورمز پر تیز تر سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے اقوام متحدہ میں ہونے والی کانفرنس میں وہ دو ریاستی حل کے لیے شرکت اور حمایت کا بھرپور اظہار کریں گے۔وزیراعظم کارنی نے غزہ میں اسرائیلی فوجی مداخلت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات نے خطے میں انسانی بحران کو سنگین بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:"ہم اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بھوک اور بنیادی سہولیات سے محروم بچوں کے لیے دی جانے والی کینیڈین امداد کو روکنے کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ عمل بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل انسانی المیے پر قابو پانے میں ناکام رہا ہے اور اس حوالے سے کینیڈا بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر اقدامات کرے گا۔مارک کارنی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش بڑھ رہی ہے اور عالمی سطح پر اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔