جنوبی لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے، ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید

جنوبی لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے، ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج نے ضلع بنت جبیل کے علاقے بیت یاحون کی وادیوں میں کارروائی کرتے ہوئے دھماکوں سے متعدد گھروں اور دیگر عمارتوں کو مسمار کر دیا۔

لبنانی قومی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے بنت جبیل سے سرحدی قصبے مارون الراس جانے والی سڑکوں کو بھی نقصان پہنچایا، جبکہ مجدل زون اور المنصوری کے قریب باغات کا جائزہ لینے والے شہریوں پر فائرنگ کی گئی۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر کے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک 6 سالہ بچی بھی شامل ہے۔عرب میڈیا کے مطابق حملے میں 33 سالہ عمر سمیع احمد ابو قاسم، ان کی اہلیہ، 6 سالہ بیٹی حبیبہ عمر سمیع ابو قاسم سمیت خاندان کے 4 افراد جان سے گئے۔ حملہ بدھ کی صبح ان کے گھر پر کیا گیا۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی کارروائیاں جاری رہیں۔ بیت اللحم کے جنوب میں ایک پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران 25 فلسطینیوں کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔

نابلس کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیوں کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے اور گرفتاریوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق آبادکاروں نے متعدد گاڑیوں کے ٹائر کاٹ دیے جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچانے سے گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی۔عرب میڈیا کے مطابق مقامی شہریوں اور آبادکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں 2 نوجوان زخمی ہوئے، جبکہ ایک ایمبولینس کو روکنے اور طبی عملے سے مبینہ بدسلوکی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔