ٹرمپ کا ایرانی جوہری پروگرام ختم ہونے کا دعوی فریب ہے، ہماری جوہری صلاحیتیں ہمارے سائنسدانوں کے ذہنوں میں ہیں، تنصیبات میں نہیں
ہماری مسلح افواج ایک بار پھر اسرائیل کے اندر گہرائی میں حملہ کریںگی‘ سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں: صدر مسعود پزشکیان کا انٹرویو
تہران(آئی این پی )ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے ان کا ملک اسرائیل کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بارے میں زیادہ پرامید نہیں، انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تہران اپنے جوہری پروگرام کو پرامن مقاصد کے لیے جاری رکھے گا، ٹرمپ کا ایرانی جوہری پروگرام ختم ہونے کا دعوی محض ایک فریب ہے، ہماری جوہری صلاحیتیں ہمارے سائنسدانوں کے ذہنوں میں ہیں، تنصیبات میں نہیں ۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم کسی بھی نئے اسرائیلی فوجی اقدام کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور ہماری مسلح افواج ایک بار پھر اسرائیل کے اندر گہرائی میں حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس جنگ بندی پر انحصار نہیں کر رہے جو 12 روزہ جنگ کے اختتام پر ہوئی تھی۔صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہم اس کے بارے میں زیادہ پرامید نہیں ہیں، اسی لیے ہم نے خود کو ہر ممکنہ منظرنامے اور کسی بھی ممکنہ ردعمل کے لیے تیار کیا ہے