سندھ کے سینئر وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کا تحفظ کرے گی۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین بنانا اور قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، اور آئینِ پاکستان کے مطابق پارلیمنٹ سب سے سپریم ادارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اور صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دور حکومت میں پارلیمنٹ کو مضبوط و مستحکم کیا۔شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے جدوجہد پیپلز پارٹی کی تاریخ رہی ہے، اور ملک کے ہر ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے منظور شدہ آئین کی پاسداری کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بینچ آئینی ہو یا سپریم کورٹ کا، آئین و قانون کو ماننا ہوگا، اور چیف جسٹس کے راستے میں مشکلات نہیں، آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں۔