سندھ حکومت کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبے مارچ تک شروع کرے گی: شرجیل میمن

سندھ حکومت کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبے مارچ تک شروع کرے گی: شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کے شہری ہر شعبے میں ترقی کی تبدیلی محسوس کریں۔

 انہوں نے بتایا کہ کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام مارچ تک شروع ہو جائے گا۔اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کو پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ اور جدید شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور شہر کی ترقی کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ سڑکوں کی بہتری کے لیے 194 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔وزیر نے کہا کہ ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے شاہراہِ بھٹو کوریڈور، ملیر ندی پل اور مختلف انڈر پاسز و فلائی اوورز پر کام جاری ہے، جس سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور شہر کی مجموعی آمد و رفت تیز ہوگی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ معیار اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں 9 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی توسیع اور نئے میڈیکل کالجز کے قیام کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ریڈ، ییلو اور اورنج لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبوں کے لیے 155.34 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر منصوبہ اور ہر روپیہ کراچی کے باشندوں کی زندگیوں میں بہتری، سہولیات اور خوشحالی لانے کے لیے وقف ہے۔