سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پیپلز پارٹی کے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے نہ کہ شہباز شریف کے ساتھ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کچھ لوگ ہیں جو آئین کو پڑھتے نہیں اور غیر ضروری بیانات دے دیتے ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کل گڑھی خدا بخش میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی منائی گئی، جہاں بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے موجودہ مسائل پر تاریخی خطاب کیا اور سندھ کے مسئلے کینالز پر واضح پالیسی بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ کینالز کے منصوبے نا منظور ہیں اور پیپلز پارٹی کسی صورت انہیں بننے نہیں دے گی۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ہم شہباز شریف کے ساتھ نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ابھی تک یہ واضح نہیں کر سکی کہ پانی کہاں سے آئے گا۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف کینالز کے حوالے سے بالکل واضح ہے اور پیپلز پارٹی کسی بھی صورت ان منصوبوں کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمن بیرونی قوتیں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، اور پیپلز پارٹی ان کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے ہمیشہ سندھ کے حقوق کی حفاظت کی ہے اور سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آصف علی زرداری کی قیادت میں متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں این ایف سی ایوارڈ اور بلوچستان کے لیے پیکج شامل ہیں۔ شرجیل میمن نے اس بات کو بھی زور دیا کہ پیپلز پارٹی اپنے موقف پر ثابت قدم ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے بیانات کے باوجود کینالز کے مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے حوالے سے مدرسوں کو فنڈنگ کی اور طالبان کے دفاتر کھولنے کی بات کی، اور انہوں نے پی ٹی آئی کے موقف پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستان کی مضبوطی کے لیے کام کرتی رہی ہے اور اسی طرح مستقبل میں بھی اس کا عزم برقرار رہے گا۔