لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز کے 7 کروڑ روپے بطور ضمانتی رقم واپس کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی اور بعد ازاں تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ 7 کروڑ روپے مناسب تصدیق اور قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد واپس کیے جائیں گے۔درخواست گزار مریم نواز کی جانب سے جمع کرائی گئی یہ رقم چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت اور قانونی کارروائی کے دوران بطور زرِ ضمانت جمع کرائی گئی تھی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق یہ رقم ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر وصول کریں گے۔عدالتی کارروائی کے دوران احتساب عدالت لاہور کے سابق فیصلے سے متعلق دائر تمام متعلقہ درخواستیں نمٹا دی گئیں۔
ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ نیب نے وفاقی آئینی عدالت میں سی پی ایل اے دوبارہ جمع نہ کرانے کی تصدیق کر دی ہے اور اس حوالے سے حلف نامہ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران وفاق کی نمائندگی ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر نے کی جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر فاطمہ شاہد سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے۔یہ فیصلہ چوہدری شوگر ملز کیس سے جڑے مالی اور قانونی معاملات میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس کے بعد اس مرحلے کی قانونی کارروائی بڑی حد تک مکمل ہو گئی ہے۔