لاہور (کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ تین روز میں ہزاروں شہریوں کے چالان کیے اور متعدد گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دیں۔ تجاوزات قائم کرنے اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ بنانے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے حکم پر ون وے کی خلاف ورزی، لین لائن ڈسپلن، بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران10,982 بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے چالان کیے گئے جبکہ 1,536 موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کی گئیں۔ون وے کی خلاف ورزی پر 5,389 گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور 753 گاڑیاں بند کی گئیں۔لین لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 1,754 گاڑیوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ 245 گاڑیاں تھانے بھجوائی گئیں۔