ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ، 547 پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بند

 سرکاری محکموں کی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق صوبے بھر میں یکساں قانون کے نفاذ کے لیے ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر قانون سب کے لیے برابرمہم کے تحت گزشتہ 20 روز کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اقدامات کیے گئے ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس مہم کے دوران 2800 پولیس اہلکاروں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ 547 پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بند کی گئیں۔ سنگین نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر 21 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔اسی طرح دیگر سرکاری محکموں کی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت 540 سرکاری گاڑیاں بند کی گئیں۔11 سرکاری ڈرائیوروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ڈرائیونگ کرنے والا کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گاہیڈ آف ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات پر ٹریفک قوانین پر 100 فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی قائم کی جا سکے۔