مقامی گندم کی نئی ریزرو قیمت 4,150 ‘درآمدی گندم کی ریزرو قیمت 3,800 روپے فی من مقرر
ای سی سی اجلاس میں ذخیرہ لاگت کم کرنے، ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز منتقل کرنے اور تکنیکی گرانٹس کی منظوری
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی زرعی ذخائر، گندم کی فروخت، ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز اور دیگر مالی امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔ای سی سی نے پاسکو کے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم ذخیرے کو فروخت کرنے کی منظوری دی۔ گندم کی فروخت مسابقتی بولی کے ذریعے "فرسٹ اِن فرسٹ آؤٹ" اصول پر کی جائے گی تاکہ ذخیرہ لاگت میں کمی اور مارکیٹ میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں مقامی گندم کی نئی ریزرو قیمت 4,150 روپے فی 40 کلو اور درآمدی گندم کی ریزرو قیمت 3,800 روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی۔ دیگر اہم فیصلو ں میں پاکستان زرعی ذخیرہ و خدمات کارپوریشن کے گندم اسٹاک کی نیلامی کی منظوری۔ سابقہ پاک پی ڈبلیو ڈی منصوبوں کے لیے 53 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ۔