وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ گندم کی خریداری 3500 روپے فی من کے حساب سے کریں گی،کاشتکار تصدیق شدہ بیج استعمال کریں
گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ ایکڑ مقرر ، تصدیق شدہ گندم کا بیج 5500 فی بیگ کی قیمت پر دستیاب:افتخار علی سہو کا
لاہور(خصوصی رپو رٹرف)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے گندم ناگزیر ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ گندم کی خریداری 3500 روپے فی من کے حساب سے کریں گی اور 62 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے سٹریٹجک ذخائر کے لیے خریداری کی جائے گی۔ میگا فارمر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی سہو کا مزید کہنا تھا پنجاب میں رواں سیزن گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مارکیٹوں میں تصدیق شدہ گندم کا بیج 5500 روپے فی بیگ کی قیمت پر دستیاب ہے۔ کاشتکار بہتر پیداوار کے لیے صرف تصدیق شدہ بیج استعمال کریں اور کھادوں کے متناسب و متوازن استعمال کو یقینی بنائیں،سیکرٹری زراعت کا مزید کہنا تھا کہ گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے سترہ سو سے زائد انٹرنیز کاشتکاروں کی رہنمائی میں مصروف ہیں، جبکہ زرعی یونیورسٹیوں کے فائنل سمسٹر کے پانچ ہزار سے زائد طلبہ محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ اس مہم میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔