شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی ‘ ڈی ایس پی واحد محمود اور اہلکار شہید ہوگئے‘4اہلکار زخمی ہوئے‘ دہشتگردوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی ‘وزیرداخلہ کی پولیس پر حملے کی مذمت
کوہاٹ ‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن ) خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے نواحی علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 6 اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا۔ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق منگل کے روز کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں میں ڈی ایس پی واحد محمود سمیت 3 اہلکار شہید ہوگئے جب کہ 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔بعدازاں دوران علاج مزید 2 اہلکار شہید ہوگئے جس کے بعد دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 6 ہوگئی جن میں ایک ڈی ایس پی بھی شامل ہے۔ایم ایس کے مطابق دہشتگروں کے حملے میں مجموعی طور پر 7 افراد شہید ہوئے جن میں ایک راہگیر بھی شامل ہے جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال میں 3 پولیس اہلکار اور ایک زخمی شہری زیرعلاج ہے۔پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی فرار ہوگئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع علاقے میں طلب کر لی گئی ہے۔ دریں اثناوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی اسد محمود اور دونوں اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کر دیا ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی پرزور مذمت کی ہے ۔ صدر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جا رہا ہے۔صدر نے کہا شہید ہونے والے اہلکاروں نے وطن کے لیے عظیم قربانی دی‘ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جا رہا ہے۔