پولیس ٹیم گمبٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کیلئے گئی تھی‘دہشت گردوں نے فائرنگ کردی‘ پولیس کی گاڑیوں کو بھی جلادیا، شہدا میں ڈی ایس پی حیدر زمان، سب انسپکٹر مختیار بھی شامل‘12اہلکار زخمی
پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے:گورنر خیبرپختونخوا‘شہید اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی میں جانیں قربان کرکے بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی:وفاقی وزیر پارلیمانی امورطارق فضل چودھری
کوہاٹ(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے لیے گئی پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی گئی، نتیجے میں 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ترجمان کوہاٹ پولیس نے کہا ہے دہشت گردوں کی طرف سے پولیس پر فائرنگ جاری ہے جب کہ پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔ترجمان پولیس نے کہا کہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقہ دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی،ذرائع نے کہا کہ کوہاٹ پولیس کی گاڑیوں کو بھی جلایا گیا۔پولیس پر حملے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پی آر او پولیس نے کہا کہ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان، سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں، شہدا کی تعداد 11 ہوگئی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور شہادتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔گورنر نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے، پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بہادری و فرض شناسی کی مثال قائم کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں