اسلام آباد:وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچ گئے۔
وہ ازبک صدر عزت مآب شوکت مرزیایوف کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اُزبکستان گئے ہیں۔
استقبال اور سرکاری اعزاز
تاشقند پہنچنے پر وزیرِاعظم شہباز شریف کا استقبال ازبکستان کے وزیرِاعظم عبداللہ عاریپوف، وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، ازبکستان میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، اور دیگر اعلیٰ سفارتی و سرکاری حکام نے کیا۔ اس موقع پر ازبک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیرِاعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیرِاعظم کی مصروفیات
یادگارِ آزادی کا دورہ:وزیرِاعظم شہباز شریف تاشقند میں یادگارِ آزادی کا دورہ کریں گے۔وہ وہاں پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور ازبکستان کی عظیم تاریخی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔انہیں ازبکستان کی 3000 سالہ تاریخ کی منبت کاری کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ازبک صدر سے ملاقات:وزیرِاعظم کی ازبک صدر شوکت مرزیایوف سے دوطرفہ ملاقات ہوگی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ملاقات کے بعد پاکستان اور اُزبکستان کے درمیان مختلف دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
پاکستان-ازبکستان بزنس فورم میں شرکت:وزیرِاعظم تاشقند میں ہونے والے پاکستان-ازبکستان بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔اس فورم کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری و سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ٹیکنو-پارک کا دورہ:وزیرِاعظم ازبکستان کی تعمیراتی صنعت کا مشاہدہ کرنے کے لیے تاشقند کے ٹیکنو-پارک کا بھی دورہ کریں گے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد
وزیرِاعظم کے اس دورے میں اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی شامل ہے، جس میں:
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار
وزیرِ تجارت جام کمال خان
وزیرِ سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان
وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ
معاون خصوصی طارق فاطمی
آذربائیجان سے روانگی
اس سے قبل وزیرِاعظم کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روانگی کے وقت اول نائب وزیرِاعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیرِ خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، اور آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے الوداع کیا۔یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔