اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف آذربائیجان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ازبکستان کے شہر تاشقند روانہ ہوگئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق، باکو سے روانگی کے موقع پر وزیرِاعظم کو آذربائیجان کے اول نائب وزیرِاعظم عزت مآب یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیرِخارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر اعلیٰ سفارتی و سرکاری اہلکاروں نے الوداع کیا۔وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِتجارت جام کمال خان، وزیرِسرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِاطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ازبکستان روانہ ہوئے۔وزیرِاعظم کے دورۂ ازبکستان کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔