وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانگی اختیار کر لی ہے۔
اس دوران وہ قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کے لیے دوحہ پہنچے تھے۔ملاقات کے دوران، وزیراعظم نے بلاجواز اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی اور قطر کے عوام اور امیر قطر سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور پاکستان اور قطر کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا، جنہیں انہوں نے تاریخی اور برادرانہ قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ قطر کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔ملاقات میں خطے میں اسرائیل کے مختلف ممالک پر بلاوجہ حملوں اور ان کے اثرات پر بھی گفتگو ہوئی، اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ مشاورت کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان اس ملاقات میں علاقائی حالات، امن کے قیام اور دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس سے قبل، وزیراعظم شہباز شریف ایک ہنگامی دورے پر دوحہ پہنچے تھے جہاں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران، قطری حکام میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔یہ دورہ علاقائی صورت حال، خطے میں امن و استحکام اور دوطرفہ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔