سابق کپتان محمد حفیظ نے قومی ٹیم کے تینوں فرنٹ لائن فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی ناقص کارکردگی پر شدید تنقید کی اور انہیں ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔
مقامی ٹی وی چینل پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ یہ تینوں بولرز ایشیا کپ 2023 کے بعد سے مسلسل خراب کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی 20 ورلڈ کپ اور اب چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس میں بھی پاکستان کے لیے کوئی بڑا کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔انہوں نے کہا کہ "اب وقت آ گیا ہے کہ ہم نئے بولرز کو موقع دیں۔ محمد علی، خرم شہزاد، محمد وسیم جونیئر، عاکف جاوید اور میر حمزہ جیسے فاسٹ بولرز اپنی باری کے انتظار میں ہیں، ان کے پاس بھی پاکستانی پاسپورٹ ہے اور وہ بھی اتنے ہی مستحق ہیں جتنا کوئی اور۔"
بابر اعظم پر بھی تنقید کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 سالوں سے پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں لیکن آج تک بھارت کے خلاف قومی ٹیم کو ایک بھی میچ میں فتح نہیں دلا سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بابر کو مستقل نمبر تین پر کھلایا جائے تاکہ مڈل آرڈر مضبوط ہو، اور ان کے ساتھ محمد رضوان اور سلمان علی آغا کو شامل کیا جائے تاکہ بیٹنگ لائن بہتر ہوسکے۔