راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں 4 فاسٹ بولرز کی شمولیت، مبصرین نے فیصلے پر سوال اٹھا دیے

راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں 4 فاسٹ بولرز کی شمولیت، مبصرین نے فیصلے پر سوال اٹھا دیے

راولپنڈی: پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی جانب سے 4 فاسٹ بولرز کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کے فیصلے پر کرکٹ مبصرین نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم نے اسی میدان پر پاکستان کی جانب سے ماضی میں کی گئی ایک غلطی دہرائی ہے۔کرکٹ مبصرین کے مطابق سری لنکا نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے چار فاسٹ بولرز پر انحصار کیا ہے، تاہم اس حکمت عملی کو ٹیم کے لیے مشکلات کا باعث قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی کنڈیشنز میں چار فاسٹ بولرز کو کھلانے کا فیصلہ کس حد تک مؤثر ثابت ہوگا، یہ میچ کے دوران واضح ہوگا۔

پاکستان کی گزشتہ غلطی کا حوالہ

مبصرین نے گزشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دوران پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اسی میدان پر کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کا حوالہ دیا ہے، جس میں پاکستان نے چار فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔اس میچ میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس بھی کٹ گئے تھے۔کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ بظاہر سری لنکا نے بھی پاکستان کی اسی حکمت عملی کو اپنایا ہے، تاہم چار فاسٹ بولرز کی موجودگی کے باوجود ٹیم کو اب تک خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی۔

پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کے لیے متبادل موجود

دوسری جانب پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے اپنی ٹیم میں 3 فاسٹ بولرز اور 3 آل راؤنڈرز کو شامل کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ تینوں آل راؤنڈرز اسپن بولنگ بھی کرتے ہیں، جس سے پاکستانی ٹیم کو اسپن کے شعبے میں اضافی آپشنز میسر ہیں۔