سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر اور پی سی بی کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے اپنے فاسٹ بولرز کی ٹریننگ اور رہنمائی کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔
عاقب جاوید نے یہ بات پی سی بی کے آفیشل چینل پر اپلوڈ ہونے والی ایک پوڈکاسٹ میں کہی، جس میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل، ہائی پرفارمنس ڈھانچے، تربیتی پروگرامز اور دیگر اہم پہلوؤں پر بھی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کا اوورسیز پلیئرز پروگرام دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں کوچنگ اور ٹریننگ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت حال ہی میں نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑی بھی پاکستان آئے تھے۔
عاقب جاوید کے مطابق یہ پروگرام مستقبل میں دنیا بھر تک پھیلایا جائے گا اور اس وقت بھارت کی جانب سے بھی فون کالز موصول ہوئی ہیں، جس میں اپنے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کے لیے پاکستان سے درخواست کی گئی ہے۔یہ بیان پاکستان کرکٹ کی تربیتی صلاحیتوں اور اوورسیز کھلاڑیوں کے پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ خطے کے کرکٹ تعلقات میں ممکنہ تعاون کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔