جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئی ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے 20 رکنی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا،وفد کو جدید پولیسنگ کے نظام اور ادارے کی ورکنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شفٹ کمانڈر سیف سٹی محمد عمران محبوب نے وفد کو انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اور جدید کیمروں کے ذریعے سرویلنس کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ سیف سٹیز پراجیکٹ کی بدولت پولیس کو تفتیش اور ٹرائل میں بھرپور معاونت حاصل ہو رہی ہے، جس سے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انکا مذید کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں بھی سیف سٹی پروجیکٹ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وفد کے شرکاء نے جدید پولیسنگ کے اس نظام کو سراہا اور کہا کہ اس سے پولیس کلچر میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سیف سٹی سسٹم کو پولیس فورس کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔ دورے کے اختتام پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔