بنگلہ دیش کے 20 رکنی وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ

کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس سسٹم ، پولیسنگ کے نظام کا مشاہدہ کیا
لاہور(کرائم رپورٹر)بنگلہ دیش کے 20 رکنی سینئر سول سروس افسران کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سمارٹ سرویلنس سسٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد میں ایڈیشنل سیکرٹریز، جوائنٹ سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس اور سی او او مستنصر فیروز نے وفد کا استقبال کیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا۔ بنگلہ دیشی وفد نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں قائم اسمارٹ سیف سٹی سینٹرز میں کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور جدید ڈیجیٹل پولیسنگ کے نظام کا مشاہدہ کیا۔بریفنگ کے دوران وفد کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی اور ورچوئل بلڈ بینک کے آپریشنل طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سیف سٹی پبلک سیفٹی ایپ، ویمن سیفٹی ایپ اور نیکسٹ جنریشن سیفٹی ایپ کے جدید فیچرز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیف سٹی حکام نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کے تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ اور جرائم کی روک تھام میں سیف سٹی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اس منصوبے کا دائرہ کار پنجاب بھر میں توسیع کے بعد تحصیل سطح تک بڑھایا جا رہا ہے۔بنگلہ دیشی وفد کے اراکین نے پنجاب سیف سٹی کے جدید ماڈل اور مؤثر ڈیجیٹل پولیسنگ کو جنوبی ایشیائی خطے کے لیے مثالی قرار دیتے ہوئے شہری تحفظ، ایمرجنسی رسپانس اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو قابل تقلید ماڈل کہا۔ وفد نے باہمی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔دورے کے اختتام پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے بنگلہ دیشی وفد کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔