کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد سمیت 15 سے زائد افراد عباسی شہید اسپتال کی لفٹ میں پھنس گئے۔
اسپتال حکام کے مطابق لفٹ چوتھی منزل سے تیزی سے نیچے آکر پہلی منزل پر پھنس گئی۔ لفٹ میں موجود تمام افراد 5 سے 10 منٹ تک محصور رہے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق میئر کراچی ہیموفیلیا سوسائٹی ٹریٹمنٹ سینٹر کے افتتاح کے لیے اسپتال پہنچے تھے، جہاں انہیں اور ان کے ساتھیوں کو لفٹ میں پھنسنے کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں، اسپتال انتظامیہ اور ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لفٹ کا دروازہ کھولا اور تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔واقعے کے بعد اسپتال کی لفٹوں کی حالت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اسپتال کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔