ضلع وسطی میں 5 ٹاؤن پیپلز پارٹی کے پاس نہیں: مرتضیٰ وہاب

ضلع وسطی میں 5 ٹاؤن پیپلز پارٹی کے پاس نہیں: مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی میں 5 ٹاؤن ہیں، ایک بھی پیپلز پارٹی کے پاس نہیں، لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے یہاں 25 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمیں مکمل کیں۔

ناظم آباد نمبر 4 میں نوتعمیر شدہ سڑک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی اور ضلع وسطی کی سڑکوں اور انڈر پاسز کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو سڑکیں ابھی تک مکمل نہیں ہو سکیں، ان پر کام جاری ہے اور کریم آباد انڈر پاس کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کر دیا جائے گا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر بہتر بنا کر ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی گئی ہے اور ملیر ایکسپریس وے کا کھلنا بھی ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری لائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے وعدوں کو پورا کیا اور کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو فائدہ پہنچایا ہے، جن میں سیوریج کے نظام کی بہتری اور سڑکوں کی کارپیٹنگ شامل ہیں۔