دنیا میں پولیو صرف پاکستان اور افغانستان تک محدود رہ گیا:میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

دنیا میں پولیو صرف پاکستان اور افغانستان تک محدود رہ گیا:میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے اور اب یہ مرض صرف پاکستان اور افغانستان تک محدود رہ گیا ہے، جو ہمارے لیے ایک سنجیدہ لمحۂ فکریہ ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور نائیجیریا سمیت کئی ممالک پولیو فری ہو چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مربوط حکمت عملی اور عوامی تعاون سے اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ صرف حکومت یا صحت کے اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ہر مہم میں قطرے ضرور پلوائیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ جب تک معاشرے کے تمام طبقات اپنا کردار ادا نہیں کریں گے، اس وقت تک پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی میں پولیو کے خلاف جاری مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔