ملک میں سیاسی استحکام قائم، منفی پروپیگنڈوں کے باوجود کراچی کی ترقی جاری رہتی ہے:مرتضیٰ وہاب

ملک میں سیاسی استحکام قائم، منفی پروپیگنڈوں کے باوجود کراچی کی ترقی جاری رہتی ہے:مرتضیٰ وہاب

کراچی: پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کی۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، اور پاکستان کو ملی بین الاقوامی عزت پر فخر ہے۔ انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے اربوں ڈالر لگا کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا، مگر ناکام رہا۔میئر کراچی نے کہا کہ ملک کے اندر سیاسی استحکام آ رہا ہے اور ہمیں متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کراچی کے لوگوں کی حب الوطنی کی تعریف کی اور کہا کہ آنے والا وقت بہتر ہوگا۔بلدیاتی نظام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اس نظام کو سیاسی نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ماضی میں شہر کو یرغمال بنایا گیا۔پنجاب میں حالیہ بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے دعا کی کہ اللہ سب کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے اور کہا کہ پنجاب کی صورتحال سب کے سامنے ہے، اور کوئی تنقید نہیں کریں گے کیونکہ یہ قدرتی عمل ہے۔ انہوں نے لاہور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کے لوگوں کو بھی قابل احترام قرار دیا۔